گرمائی دارالحکومت سری نگر میں پیر کی صبح آگ کی ایک ہولناک واردات میں
قریب دس رہائشی مکانات خاکستر ہوئے اور کروڑوں کی املاک راکھ ہوکر ڈھیر میں
تبدیل ہو گئی۔ دریں اثنا شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے ایپل ٹاون سوپور
میں بھی آگ کی ایک واردات میں قریب پانچ رہائشی مکانات جل کر خاکستر ہوگئے
ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سری نگر کے بچھوارہ ڈلگیٹ میں پیر کی صبح ایک
رہائشی مکان میں آگ نمودار ہوئی جس نے بعدازاں نزدیک میں واقع نو دیگر
رہائشی مکانات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ انہوں نے بتایا کہ آگ کی وجہ سے
رسوئی
گیس کے سلینڈر پھٹ گئے ، جو غیرمعمولی تباہی کا موجب بنے۔ محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے ایک افسر نے بتایا کہ ہولناک آگ پر قابو
پانے کے لئے شہر کے مختلف علاقوں بشمول محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی
ہیڈکوارٹر سے قریب 35 فائر ٹینڈرز روانہ کی گئی تھیں۔ آگ کی اس ہولناک
واردات میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہ ہوسکی۔ علاقہ میں رقعت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔ عورتیں آہ و فغان اور چیخ وپکار کرتی ہوئی نظر آئیں جبکہ مرد فائر سروس کے عملے کی مدد کرتے ہوئے نظر آئے۔